پاکستان میں پیٹرول کی قیمت میں قریب 15 روپے کا اضافہ، نئی قیمت 414.78 فی لیٹر مقرر

،تصویر کا ذریعہEPA
پاکستان کی حکومت نے پیٹرولیئم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے۔ ایک اعلامیے کے مطابق ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 15 روپے جبکہ پیٹرول یعنی موٹر سپیرٹ کی قیمت میں 14.92 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
اس اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 414.78 روپے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 414.58 ہو چکی ہے۔
مارچ سے اب تک پیٹرولیئم مصنوعات کی قیمتیں میں پانچ مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے۔ جبکہ اس دوران دو مرتبہ قیمتوں میں کمی بھی کی گئی تھی۔ مارچ میں پیٹرول کی قیمت میں ہونے والے پہلے اضافے سے قبل اس کی قیمت 255 روپے فی لیٹر تھی، یعنی دو ماہ میں پیٹرول 62.7 فیصد مہنگا ہو چکا ہے۔
خیال رہے کہ جمعے کو آبنائے ہرمز پر امریکی اور ایرانی فورسز کے درمیان جھڑپ کے بعد عالمی منڈیوں میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا تھا۔ عالمی سطح پر برینٹ خام تیل کی قیمت ایک موقع پر تقریباً تین فیصد اضافے کے ساتھ تقریباً 103 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی تھی تاہم بعد میں یہ کم ہو کر لگ بھگ 100 ڈالر پر آ گئی تھی۔
جھڑپ کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعے کے روز کہا تھا کہ امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی اب بھی برقرار ہے۔ جبکہ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق صورتحال اب ’معمول پر واپس آ گئی ہے۔‘
دنیا کا 20 فیصد تیل اور گیس ہرمز کے ذریعے گزرتا ہے۔ تاہم امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ کے آغاز کے بعد سے یہ گزرگاہ عملی طور پر بند ہے۔ تنازع شروع ہونے سے قبل عالمی منڈیوں میں خام تیل کی قیمت تقریباً 70 ڈالر فی بیرل تھی۔
















