آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے

مجھے مرکزی ویب سائٹ یا ورژن پر لے جائیں

کم ڈیٹا استعمال کرنے والے ورژن کے بارے میں مزید جانیں

لائیو, چین کا پاکستان پر مشرق وسطیٰ میں ثالثی کی کوششیں تیز کرنے پر زور: ایران کے معاملے پر چین کی مدد کی ضرورت نہیں، ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دورہ چین پر روانگی سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھیں نہیں لگتا کہ امریکہ کو ایران کے معاملے میں چین کی کسی مدد کی ضرورت ہے۔ دوسری جانب چین کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ مشرق وسطیٰ میں ثالثی کی کوششوں کو مزید تیز کرے۔

خلاصہ

  • تیل کی بلند قیمتیں، سرمائے کا اخراج، انڈین روپے کی قدر میں ریکارڈ کمی
  • ایران کے معاملے میں چین کی مدد کی ضرورت نہیں: ڈونلڈ ٹرمپ
  • پاسدارانِ انقلاب کے اہلکار نیوی گیشن سسٹم کی خرابی کے باعث کویتی سمندری حدود میں داخل ہو گئے تھے: ایران
  • ایران نے امریکہ کے خلاف بین الاقوامی ثالثی کی عدالت میں مقدمہ دائر کر دیا
  • قطر اور ترکی کا مشترکہ طور پر پاکستان کی ثالثی کوششوں کی حمایت کا اعلان

لائیو کوریج

  1. تیل کی بلند قیمتیں، سرمائے کا اخراج، انڈین روپے کی قدر میں ریکارڈ کمی

    خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق منگل کے روز انڈین روپیہ تاریخ کی کم ترین سطح پر آ گیا۔ ڈالر کے مقابلے میں روپیہ 95.7 کی ریکارڈ کم ترین سطح تک گر گیا، جو اس کی گذشتہ کم ترین سطح 95.4 سے بھی نیچے ہے۔

    روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق سنہ 2026 کے دوران انڈین روپیہ ایشیا کی بڑی معیشتوں میں سب سے بری کارکردگی دکھانے والی کرنسی رہا ہے۔ 28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ شروع ہونے کے بعد سے انڈین کرنسی کی قدر میں پانچ فیصد کمی ہوئی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ایران جنگ کے آغاز کے بعد برینٹ خام تیل کی قیمتوں میں تقریباً 50 فیصد اضافے نے تیل درآمد کرنے والے ممالک کی کرنسیوں کو شدید متاثر کیا ہے۔ فلپائن اور انڈونیشیا کی کرنسی کی قدر میں بھی نمایاں کمی ہوئی۔

    تجزیہ کاروں کا حوالہ دیتے ہوئے روئٹرز کا کہنا ہے کہ یہ تنازع جتنا زیادہ طویل ہو گا، اتنا ہی امکان ہے کہ تیل کی قیمتیں بلند رہیں گی، جس سے کرنسی پر مسلسل دباؤ برقرار رہے گا۔ تیل کی بلند قیمتیں انڈیا کے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں اضافہ کریں گی، جبکہ سرمائے کی آمد میں مسلسل کمی کا امکان اس دباؤ کو مزید بڑھا دے گا۔

    روئٹرز کے مطابق جنگ کے آغاز کے بعد سے غیر ملکی سرمایہ کار انڈیا کی سٹاک مارکیٹ سے 20 ارب ڈالرز سے زیادہ کی رقم نکال چکے ہیں۔ ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق پیر کو بیرونی سرمایہ کاروں نے تقریباً 90 کروڑ ڈالرز کے حصص فروخت کیے۔

    انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کے روز اپیل کی تھی کہ ایندھن کے استعمال اور درآمدات کو محدود کیا جائے تاکہ غیر ملکی زرمبادلہ بچایا جا سکے۔

  2. پاسدارانِ انقلاب کے اہلکار نیوی گیشن سسٹم کی خرابی کے باعث کویتی سمندری حدود میں داخل ہو گئے تھے: ایران

    ایران نے منگل کے روز کویت کے اس دعوے کی تردید کی ہے کہ پاسدارانِ انقلاب کے چار اہلکاروں نے کویت کے جزیرے بوبیان میں دراندازی کی کوشش کی تھی۔

    ایران کا کہنا ہے کہ کویت کے الزام ’مکمل طور پر بے بنیاد‘ قرر دیتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ فوجی اہلکار نیویگیشن سسٹم میں ’خرابی‘ کے باعث کویتی سمندری حدود میں داخل ہو گئے تھے۔

    بی بی سی عربی نے ایرانی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان کا حوالے دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کویتی حکومت کی جانب سے ’اس معاملے ذرائع ابلاغ میں اچھالنے اور سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کے اقدام کی سختی سے مذمت کرتی ہے۔‘

    اس سے قبل کویتی خبر رساں ادارے ’کونا‘ نے وزارتِ داخلہ کے حوالے سے ایک بیان میں بتایا کہ یہ افراد سمندر راستے سے ملک میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے کہ جب انھیں حراست میں لیا گیا۔

    وزارت کے مطابق ان افراد کے ساتھ ہونے والی جھڑپ کے دوران کویتی مسلح افواج کا ایک اہلکار زخمی بھی ہوا۔

    مزید بتایا گیا کہ زیرِ حراست افراد نے دورانِ تفتیش اعتراف کیا کہ ان کا تعلق اسلامی جمہوریہ ایران سے ہے اور وہ پاسدارانِ انقلاب کے اہلکار ہیں۔

    کویتی وزارتِ داخلہ کے مطابق ملزمان نے یہ بھی اعتراف کیا کہ ’انھیں ایک مخصوص مشن کے تحت بوبيان جزیرے میں بھیجا گیا تھا، جس کے لیے انھوں نے ایک چھوٹی کشتی کرائے پر حاصل کی تھی تاکہ کویت کے خلاف دشمنانہ کارروائیاں انجام دی جا سکیں۔‘

  3. قطر اور ترکی کا مشترکہ طور پر پاکستان کی ثالثی کوششوں کی حمایت کا اعلان

    قطر اور ترکی نے ایران جنگ کے خاتمے کے لیے پاکستان کی ثالثی کوششوں کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

    قطر کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ قطر اور ترکی مشترکہ طور پر پاکستان کی اُن ثالثی کوششوں کی حمایت کرتے ہیں جن کا مقصد جنگ بندی کے معاہدے تک پہنچنا، اس جنگ کا جلد از جلد خاتمہ، اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھول کر بحری آمد و رفت کی معمول کی روانی بحال کرنا ہے۔‘

    قطری وزارتِ خارجہ کی جانب سے یہ بیان منگل کے روز قطری وزیرِ اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی اور ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان کی دوحہ میں ہونے والی ملاقات کے بعد سامنے آیا ہے۔

    ملاقات کے بعد جاری مشترکہ بیان میں قطر اور ترکی نے خطے میں فوجی کارروائیوں کی دوبارہ شروعات کے خلاف خبردار کیا ہے اور کہا ہے کہ ایسی پیش رفت کے عالمی سلامتی اور عالمی معیشت، دونوں پر سنگین نتائج مرتب ہوں گے۔

  4. ایران نے امریکہ کے خلاف بین الاقوامی ثالثی کی عدالت میں مقدمہ دائر کر دیا

    ایران نے امریکہ کے خلاف دی ہیگ میں قائم بین الاقوامی ثالثی کی عدالت میں مقدمہ دائر کر دیا ہے۔

    بی بی سی فارسی نے ایرانی خبر رساں ایجنسی تسنیم کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایران نے اپنے جوہری تنصیبات کے خلاف ’فوجی جارحیت، اقتصادی پابندیوں کے نفاذ اور طاقت کے استعمال کی دھمکی‘ کی بنیاد پر امریکہ کے خلاف بین الاقوامی ثالثی کی عدالت میں مقدمہ دائر کر دیا ہے۔

    تسنیم کے مطابق ایرانی حکومت نے اپنی درخواست کی بنیاد 1981 کے الجزائر معاہدوں پر رکھی ہے اور امریکہ پر ایران کے خلاف 12 روزہ جنگ کے دوران اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا ہے۔

    الجزائر معاہدے کے مطابق امریکہ نے ایران کے اندرونی، سیاسی اور فوجی معاملات میں براہ راست یا بلاواسطہ مداخلت نہ کرنے کا عہد کیا ہے۔

    رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے یہ مقدمہ مارچ 2026 میں باضابطہ طور پر ایران‑امریکہ کلیمز ٹریبونل میں درج کیا گیا۔

    ایران نے عدالت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ امریکہ ایران کے داخلی معاملات میں براہِ راست اور بالواسطہ ہر قسم کی مداخلت ختم کرنے کا پابند بنائے۔

    ایجنسی کے مطابق تہران نے مزید مطالبہ کیا ہے کہ اس بات کی ضمانت دی جائے کہ آئندہ ایسی خلاف ورزیاں نہیں ہوں گی جبکہ ملک کو پہنچنے والے تمام نقصانات کا مکمل معاوضہ ادا کیا جائے۔

  5. ایران کے معاملے میں چین کی مدد کی ضرورت نہیں: ڈونلڈ ٹرمپ

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ان کو ایران کے معاملے میں چین کی مدد کی ضرورت نہیں۔

    منگل کے روز وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران امریکی صدر سے پوچھا گیا کہ آیا اُن کے خیال میں چینی صدر شی جنپنگ ایران کے معاملے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔

    ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا، ’نہیں، مجھے نہیں لگتا کہ ہمیں ایران کے معاملے میں کسی مدد کی ضرورت ہے۔ ہم کسی نہ کسی طریقے سے جیتیں گے۔ ہم یا تو پُرامن طریقے سے جیتیں گے یا کسی اور طریقے سے۔‘

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ایران کی بحریہ اور فضائیہ ختم ہو چکی ہے، اور اُن کی جنگی مشین کا ہر ایک حصہ تباہ ہو چکا ہے۔

    امریکی صدر چین کے دورے پر روانہ ہو گئے ہیں جہاں ان کی چینی صدر شی جنپنگ سے ملاقات ہو گی۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل چین میں ایران کے سفیر عبدالرضا رحمانی فضلی نے کہا تھا کہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان ہونے والے کسی بھی ممکنہ معاہدے کی ضمانت چین اور روس جیسی بڑی طاقتوں کی جانب سے دی جانی چاہیے۔

  6. گذشتہ روز کی اہم خبریں

    • ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے آبنائے ہرمز کی حدود میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔ پاسدارانِ انقلاب کی بحریہ کے سیاسی معاون محمد اکبرزادہ نے ایرانی ٹی وی کو بتایا کہ ’امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ حالیہ جنگ کے بعد اس علاقے کو وسعت دے دی گئی ہے۔ ماضی میں یہ علاقہ 20 سے 30 میل کا تھا جسے بڑھا کر اب 200 سے 300 میل یعنی تقریباً 500 کلومیٹر کر دیا گیا ہے۔‘
    • ایران کے انڈیا میں سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ’ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی برکس ممالک کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے نئی دہلی کا دورہ کریں گے۔‘
    • کویتی انتظامیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ انھوں نے سمندر کے راستے ملک میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے ایرانی پاسدارانِ انقلاب سے تعلق رکھنے والے چار افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
    • قطر نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ وہ آبنائے ہرمز کو خلیجی ممالک پر دباؤ ڈالنے یا انھیں بلیک میل کرنے کے لیے استعمال نہ کرے۔
    • اسرائیلی فوج نے ایک سرکاری بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ اس نے جنگ بندی کے بعد سے اب تک جنوبی لبنان میں ’350 سے زائد شدت پسندوں‘ کو ہلاک کیا اور اسی عرصہ کے دوران حزب اللہ کے زیرِ استعمال ’1100 سے زیادہ تنصیبات اور اہداف‘ کو نشانہ بنایا۔
  7. بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید!

    بی بی سی کے لائیو پیج میں خوش آمدید۔ پاکستان سمیت دنیا بھر کی اہم خبروں اور تجزیوں کے متعلق جاننے کے لیے بی بی سی کی لائیو پیج کوریج جاری ہے۔

    گذشتہ روز تک کی خبریں جاننے کے لیے یہاں کلک کریں۔