Tuesday, 24 June, 2008, 23:40 GMT 04:40 PST
فرانسیسی مصور کلاڈ مونے کی وہ پینٹنگ جوگزشتہ 80 برس میں صرف ایک مرتبہ لوگوں کے سامنے پیش کی گئی چار کروڑ نو لاکھ پاؤنڈ کی ریکارڈ قیمت میں نیلام ہوئی ہے۔
1919 میں بنائی جانے والی یہ پینٹنگ کلاڈ مونے کی ان چار پینٹنگز میں سے ایک ہے جن میں پانی میں للی کے پھولوں کا عکس دکھایا گیا ہے۔
نیلامی سے قبل توقع کی جا رہی تھی کہ اس تصویر کی بولی اٹھارہ سے چوبیس ملین پاؤنڈ تک لگائی جا سکتی ہے تاہم ایک نامعلوم خریدار نے لندن کے کرسٹیز نیلام گھر میں ہونے والی نیلامی میں یہ تصویر ریکارڈ قیمت میں خریدی۔
خریدار نے آخری بولی ساڑھے چھتیس ملین ڈالر کی دی تاہم اس رقم میں ٹیکس اور دیگر اخراجات شامل کرنے کے بعد اس تصویر کی کل قیمت قریباً اکتالیس ملین ڈالر تک جا پہنچی۔
یہ مونے کی کسی بھی تصویر کی اب تک لگائی جانے والی سب سے زیادہ قیمت ہے۔ اس سے قبل 1873 میں بنائی گئی تصویر اسی برس مئی میں قریباً ایکسی ملین پاؤنڈ میں نیلام ہوئی تھی۔
مونے نے پانی کے عکس والی یہ پینٹنگز اپنی زندگی میں ہی لوگوں کے سامنے پیش کر دی تھیں جبکہ ان کی کچھ تصاویر ان کے سٹوڈیو میں نامکمل رہ گئی تھیں۔ کرسٹیز کے اولیور کامو کا کہنا ہے کہ ’ یورپ کی کسی نیلامی میں ایسی کوئی بھی تصویر گزشتہ بیس سال میں نیلامی کے لیے پیش نہیں کی گئی‘۔