Friday, 06 April, 2007, 04:43 GMT 09:43 PST
قدرتی ماحول کے بارے میں اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے دنیا پر بہت گہرے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
مختلف حکومتوں پر مشتمل انٹر گورئمنٹل پینل آن کلائمیٹ چینج (آئی پی سی سی) کے مطابق ان موسمیاتی تبدیلیوں کے انسانی معاشروں پر بھی واضح اثرات پڑ رہے ہیں۔
’آئی پی سی سی‘ اپنی اس رپورٹ کا ایک خلاصہ جمعہ کو جاری کرنے والی ہے لیکن اس میں استعمال کی جانے والی زبان پر جمعرات کی رات تک گفت و شنید جاری رہی۔
حکام کے مطابق اس میں استعمال کی جانے والی زبان پر مختلف ملکوں کے درمیان اختلاف رائے پایا جاتا تھا۔
یورپی ممالک دنیا میں رونما ہونے والی موسمیاتی تبدیلیوں پر بڑے واشگاف الفاظ میں پیغام دینا چاہتے ہیں جبکہ امریکہ اس سلسلے میں زیادہ سخت الفاظ استعمال کرنے کے حق میں نہیں۔
بائیس صفحات پر مشتمل اس خلاصے کے چند پیراگراف پر چین اور روس نے بھی اعتراضات اٹھائے تھے۔
![]() | |
| صنعتی ملک سائنسدانوں سے متفق نہیں ہیں |
پینل کے چیئرمین راجندر پچوری نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کے غریب خطوں میں بسنے والے افراد جو گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کے کسی طور بھی ذمہ دار نہیں ہیں ان تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہوں گے۔
امریکہ، چین اور بھارت کے حکام ماہرین موسمیات اور سائندانوں سے سوالات کر رہے ہیں کہ وہ کیسے اینے یقین سے مستقبل کے بارے میں یہ باتیں کر سکتے ہیں۔
یہ رپورٹ جون میں ہونے والی جی ایٹ ملکوں کی سربراہ ملاقات میں بھی پیش کی جائے گی۔